بھٹکل:23/ نومبر (ایس اؤنیوز)پرشورام اسپورٹس کلب (رجسٹرڈ) موڈ بھٹکل کے زیر اہتمام25اور26نومبر کو شہر کے گرو سدھیندرا کالج میدان میں اترکنڑا، شیموگہ ، اُڈپی اضلاع پر مشتمل بین الاضلاع کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا ہے، جس میں کم و بیش 30 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، اس بات کی اطلاع ٹورنامنٹ کے منتظمین نے پریس کانفرنس کے ذریعےدی۔
جمعرات کی شام نجی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں پرشورام اسپورٹس کلب کے صدر وینکٹیش دیواڑیگا نے ٹورنامنٹ کی تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 3اضلاع سے 30ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی ، ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اترکنڑا ضلع کے مختلف تعلقہ جات کے کھلاڑیوں کو متعلقہ تعلقہ جات کی ٹیموں کے ساتھ ہی کھیلنے کی شرط لگائی گئی ہے۔
ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں میں سے جیت حاصل کرنےو الی ٹیموں کو پہلا انعام نقد 30000ہزارروپئے مع ٹروفی ، دوسرا انعام 20000 ہزارروپئے مع ٹروفی اور تیسرا انعام 10000ہزار روپئے مع ٹروفی دیا جائے گا۔ بیسٹ رائیڈر اور بیسٹ کیچر کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔
رکن اسمبلی منکال وئیدیا پروگرام کا افتتاح کریں گے تو سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک پروگرام کی صدارت کریں گے ۔ نیل گوڈو چوڈیشوری مندر کے دھرم درشی مادیو سوامی کھیل میدان کا افتتاح کریں گے۔ مہمان خصوصی کے طورپر صنعت کار راجیش نایک، ضلع پنچایت ممبر البرٹ ڈیکوستھا ، بنگلورو کے نرنجن جین ، سنیل بی نائک، ونود نائک رائیل کیری ، کمٹہ ڈائٹ کے لکچرر دیوی داس موگیر، وشنو دیواڑیگا، نامدھاری سماج کے صدر ایم آر نائک وغیرہ موجود رہیں گے۔
اسی طرح 26نومبر کو منعقد ہونے والی اختتامی تقریب کی صدارت سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک کریں گے، جبکہ رام داس پربھو مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ بی این شنکر، منجوناتھ نائک، شیوانی شانتا رام ، امیچور کبڈی اسوسی ایشن کرناٹکا کے نائب صدر سورج نائک سونی، بنگال وارئیرس کے کوچ جگدیش کمبلے ، جرنالسٹ اسوسی ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ ،بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، عنایت اللہ شاہ بندری وغیرہ شریک ہونگے۔
کلب کے صدر نے بتایا کہ پرشورام اسپورٹس کلب گذشتہ 38سالوں سے مسلسل کھیل اور سماجی میدان میں سرگرم عمل ہے۔ سماجی خدمت کے طورپر مفت آنکھوں کاکیمپ، خون عطیہ کیمپ ، مفت قلب جانچ کیمپ سمیت کئی ایک کیمپوں کو شری وی آر دیش پانڈے میمورئیل ٹرسٹ کے زیر تعاون سے منعقد کئے جاچکے ہیں ۔ بھٹکل کبڈی فیڈریشن کے صدر محمد صادق مٹا، عنایت اللہ شاہ بندری ، گنیش ایم ایچ، گنیش نائک، بھاسکر نائک، منوہر وغیرہ پریس کانفرنس میں موجود تھے۔